Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وہ ملک جس کا صدر ایک ماہ سے "غائب" ہے

شائع 15 اپريل 2020 08:57am

مناگوا: وسط امریکی ملک "نیکاراگوا" کے صدر لاپتہ ہو گئے ہیں۔

عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق 74 سالہ صدر ڈینیئل اورتیگا گزشتہ ایک ماہ سے غائب ہیں اور عام حلقوں میں کسی کو علم نہیں کہ وہ کہاں ہیں۔

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی موت واقع ہو گئی ہے جسے عوام سے مخفی رکھا جا رہا ہے۔

صدر اورتیگا بائیں بازو کے لیڈر ہیں جنہوں نے 1980ء کی دہائی میں ملک میں ہونے والی خانہ جنگی میں بائیں بازو کے جنگجوﺅں کی قیادت کی تھی اور ملک کے طول و عرض میں دورے کیے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ڈینیئل اورتیگا اب دوسرے صدر منتخب ہو کر ملک پر حکومت کر رہے تھے۔

نیکاراگوا کی حکومت سے رائٹرز نے اس معاملے پر ردعمل کے لیے رابطہ کیا لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا۔

حکام صدر اورتیگا کی صحت اور موجودگی کے متعلق کچھ بتانے سے گریز کر رہے ہیں۔ تاہم حکومتی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صدر اورتیگا زندہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صدر اورتیگا کو دو بار ہارٹ اٹیک بھی آ چکا ہے اور وہ ہائی کولیسٹرول کے مریض بھی ہیں۔ اس کے علاوہ بھی وہ کئی طرح کے عارضوں میں مبتلا ہیں۔

آخری بار 12 مارچ کو انہیں دیکھا گیا تھا، جس کے بعد وہ منظرسے غائب ہیں۔